نیویارک ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی پہلی بار ہندوستان کے دو روزہ دورہ پر آنے والی ہیں جہاں وہ سینئر ہندوستانی عہدیداروں، تجارتی قائدین اور طلباء سے ملاقات کریں گی اور اس طرح امریکہ کے ہندوستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو اجاگر کریں گی۔ ٹرمپ انتظامیہ میں ہندوستانی نژاد امریکی نکی ہیلی اس وقت ایک اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز ہونے والی خاتون ہیں۔ ان کی ملاقات کے دوران ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ ہند ۔ امریکہ حکمت عملی تعلقات اور عالمی سطح پر کئے گئے ترقیاتی کام بات چیت کے موضوعات ہوں گے۔ 26 تا 28 جون نکی ہیلی نئی دہلی کا دورہ کریں گی اور اعلیٰ سطحی ہندوستانی عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ بین مذاہب شخصیات سے بھی ملاقات کرتے ہوئے امریکہ کے ہندوستانی عوام کے ساتھ مضبوط تعلقات کی توثیق کریں گی۔ اقوام متحدہ میں امریکی مشن کی جانب سے جاری کئے گئے میڈیا ایڈوائزری میں یہ بات کہی گئی۔ حالانکہ اس ایڈوائزری میں 46 سالہ نکی ہیلی کی دیگر مصروفیات کی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں لیکن یہ سمجھا جارہا ہیکہ موصوفہ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ وزارت امورخارجہ کے اعلیٰ سطحی عہدیداران سے ملاقات کریں گی۔ ہند ۔ امریکہ مستحکم تعلقات کیلئے موصوفہ تجارتی قائدین، این جی او قائدین طلباء اور سیول سوسائٹی سے بھی ملاقات کریں گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ 6 جولائی کو امریکی وزیرخارجہ مائیکل پومپیو اور وزیردفاع جیمس میاٹس اپنے ہندوستانی ہم منصوبوں سشماسوراج اور نرملا سیتارامن کا یو ۔ ایس انڈیا 2+2 ڈائیلاگ میں شرکت کے دوران واشنگٹن میں استقبال کریں گے۔