اقلیتی کمیشن کو تلنگانہ و اے پی سے علحدہ بجٹ کے اختصاص پر اظہار تشکر

دونوں ریاستوں کے لیے کمیشن کی خدمات ، عنقریب ضلع واری کوآرڈینٹرس کا انتخاب : عابد رسول خاں کا بیان
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) اسٹیٹ اقلیتی کمیشن نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کی جانب سے جاریہ سال بجٹ میں کمیشن کیلئے علحدہ بجٹ مختص کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔ کمیشن کے صدرنشین عابد رسول خاں نے کہا کہ 2015-16 کے بجٹ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں نے کمیشن کی سرگرمیوں کیلئے بجٹ میں علحدہ گنجائش فراہم کی ہے۔ کمیشن دونوں ریاستوں کیلئے خدمات انجام دے رہا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے بجٹ میں 70لاکھ 39ہزار روپئے مختص کئے جبکہ آندھرا پردیش حکومت نے 67لاکھ 8ہزار روپئے کمیشن کیلئے الاٹ کئے۔ عابد رسول خاں نے دونوں حکومتوں کی جانب سے مناسب بجٹ کی منظوری کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کمیشن کی بہتر کارکردگی میں مدد ملے گی۔ اقلیتی کمیشن نے اقلیتوں کے مسائل پر سمینارس کے انعقاد اور جائزہ اجلاسوں کے علاوہ اضلاع کے دوروں اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے جیسے پروگرام مرتب کئے ہیں۔ کمیشن کی جانب سے بہت جلد ضلع واری کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں حکومتوں کی جانب سے بجٹ کی عدم منظوری کے سبب مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور کمیشن کی سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ بجٹ کی عدم اجرائی کے باعث صدرنشین کو اپنے ذاتی خرچ سے کمیشن کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر سرگرمیوں کو انجام دینا پڑا تھا۔ ریاست کی تقسیم کے بعد حکومت نے تلنگانہ کیلئے علحدہ اقلیتی کمیشن کے قیام سے متعلق احکامات جاری کردیئے تاہم حکومت کی جانب سے نئے کمیشن کی تشکیل تک موجودہ کمیشن دونوں ریاستوں کیلئے کارکرد رہے گا۔