اقلیتی کمیشن کا اجلاس ، 13 مختلف مقدمات کی سماعت

حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن کا اجلاس محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 13 مختلف مقدمات کی سماعت کی گئی۔ پرانے شہر کے بہادر پورہ علاقہ میں ایک خانگی کمپنی کے ساتھ اراضی کے تنازعہ کے سلسلہ میں درخواست گذار کی شکایت پر کمیشن نے آر ڈی او اور اسسٹنٹ کمشنر پولیس راجندر نگر چکرورتی سے رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ رپورٹ 25 مئی کو کمیشن میں پیش کی جائے گی۔ سکندرآباد میں اراضی پر غیر مجاز قبضوں کی شکایت پر متعلقہ آر ڈی او سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس بنجارہ ہلز کو علاقہ میں ایک خانگی کمپنی کی جانب سے غیر مجاز قبضوں کے سلسلہ میں رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ کمیشن نے حکومت کی جانب سے اراضی حاصل کرنے کے بعد معاوضہ کی عدم ادائیگی سے متعلق شکایت پر کلکٹر حیدرآباد اور آر ڈی او چیوڑلہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ آنگن واڑی ٹیچر شریمتی تسمین نے کمیشن سے شکایت کی کہ اُنھیں اچانک خدمات سے علیحدہ کردیا گیا۔