انتخابی مہم کے دوران ٹی آر ایس پارلیمانی امیدوار ٹی سائی کرن کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : سکندرآباد کے پارلیمانی ٹی آر ایس امیدوار تلاسنی سائی کرن نے آج صنعت نگر ، نامپلی، خیریت آباد کے مسلم اکثریت علاقوں میں انتخابی مہم چلائی جہاں پر ان کا عوام نے پرتپاک انداز میں استقبال کیا اور انہیں سکندرآباد پارلیمانی حلقے سے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے عوام نے جدوجہد کرنے کا وعدہ کیا ۔ تلاسنی سائی کرن نے نمائندہ سیاست شہنواز بیگ سے خصوصی ملاقات کے دوران کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ایک نوجوان جو کہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتا ہے اس پر بھروسہ کرتے ہوئے سکندرآباد سے ٹی آر ایس امیدوار بنایا ۔ جس کے لیے سائی کرن نے ان کا شکریہ ادا کیا اور یہ امید ظاہر کی کہ وہ ان کی تمام توقعات پر کھرے اتریں گے ۔ اور پارلیمنٹ میں تلنگانہ کی نوجوان نسل کی آواز کو بلند کریں گے اور خصوصا پسماندہ طبقات اور اقلیتی برادری کے امور اور مسائل پر نمائندگی کریں گے ۔ سکندرآباد پارلیمانی حلقے میں نامپلی ، خیریت آباد ، جوبلی ہلز ، سکندرآباد ، صنعت نگر ، عنبر پیٹ ، مشیر آباد شامل ہے ۔ خاص کر مسلم اکثریتی علاقوں میں وہ خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کو زور دے رہے ہیں اور انہوں نے یہ بتایا کہ ان کے والد ٹی سرینواس یادو نے ہمیشہ سے ہی غریب و پسماندہ اور اقلیتی برادری کے لیے کافی بڑھ کر کام کرتے ہوئے اور ان کے درپیش مسائل کی یکسوئی کے لیے جدوجہد کرتے ہیں اور صنعت نگر علاقے میں جو ترقیاتی کام اور فلاحی امور دیکھے جارہے ہیں وہ سب ٹی سرینواس یادو کی رات دن محنت و مشقت کا نتیجہ ہے ۔ مسلم برادری کے لیے انہوں نے مسلم شادی خانہ تعمیر کروایا ہے جس کا کرایہ معہ تمام ساز و سامان 20 ہزار روپئے مقرر ہے ۔ جس سے غریب مسلم بھائیوں کو کافی فائدہ ہورہا ہے ۔ قبرستان کے لیے بھی حکومت کی جانب سے صنعت نگر علاقے میں پانچ ایکڑ اراضی کی حصار بندی کردی گئی ہے جو کہ مسلم سماج کے لیے بہت بڑا کارآمد اقدام بتایا جارہا ہے ۔ 29 مارچ کو ایل بی اسٹیڈیم میں ایک بڑے جلسے عام کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں چیف منسٹر کے سی آر بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور تلنگانہ کے سیاسی امور پر خطاب کریں گے ۔۔