حیدرآباد۔/8فبروری، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینک قرضہ جات سے مربوط سبسیڈی فراہمی اسکیم کیلئے آج تعطیل کے باوجود ریاست بھر میں درخواستیں وصول کی گئیں۔ حکومت نے اس اسکیم کے تحت درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 10فبروری مقرر کی ہے۔ درمیان میں دو تعطیلات کو دیکھتے ہوئے منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات میں بھی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دفاتر آج کھلے رہے اور امیدواروں سے درخواستیں حاصل کرتے ہوئے انہیں آن لائن کیا گیا۔ یہ دفاتر کل اتوار کو بھی کھلے رہیں گے۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ جیسے جیسے قریب آرہی ہے امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ نامپلی حج ہاوز میں آج سینکڑوں کی تعداد میں درخواست گذار دیکھے گئے۔ امیدواروں کی سہولت کیلئے حج ہاوز میں دو علحدہ ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جن میں خواتین کیلئے ایک علحدہ ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔
اکثر یہ دیکھا جارہا ہے کہ معلومات کی کمی کے باعث امیدوار درکار دستاویزات کے بغیر ہی درخواستیں داخل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس طرح کی درخواستیں کلکٹر کی سطح پر بینکرس کے ساتھ منعقد ہونے والے اجلاس میں نامنظور کردی جائیں گی۔ درخواست گذاروں کو چاہیئے کہ انکم سرٹیفکیٹ اور راشن کارڈ کی نقولات ضرور داخل کریں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے آج حج ہاوز پہنچ کر درخواستوں کی وصولی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف اضلاع میں ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس سے ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے پھر ایک بار امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ اسکیم سے استفادہ کے سلسلہ میں درمیانی افراد کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تمام درخواستوں کو ضلع کلکٹرس سے رجوع کیا جائے گا جہاں بینکرس کی موجودگی میں درخواستوں کو منظوری دی جائے گی۔ بینکوں کی جانب سے قرض کی اجرائی سے اتفاق کے بعد ہی اقلیتی فینانس کارپوریشن بینک کی جانب سے الاٹ کردہ قرض کا 50فیصد بطور سبسیڈی جاری کرے گا۔ سبسیڈی کی اعظم ترین حد ایک لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے۔