اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 20 کروڑ کی اجرائی

سبسڈی اسکیم سے 1783 افراد کو فائدہ ۔ صدر نشین اکبر حسین
حیدرآباد۔یکم اپریل، ( سیاست نیوز) صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے مالیاتی سال کے اختتام کے آخری دن کارپوریشن کو 20کروڑ 11لاکھ روپئے کی رقم جاری کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 31مارچ تک بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کے تحت 3052 درخواستوں کی یکسوئی باقی تھی جس کی سبسیڈی کی رقم 25کروڑ 30 لاکھ روپئے ہوتی ہے جس میں حکومت نے 1783 استفادہ کنندگان کیلئے 14.41 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ مزید 1269 درخواستیں منظوری کیلئے منتظر ہیں اور 10کروڑ 89 لاکھ کی ضرورت ہے۔ اکبر حسین نے بتایا کہ تنخواہوں کے سلسلہ میں 2.38 کروڑ روپئے جاری کئے گئے جبکہ ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ اسکیم کیلئے 1.83 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اردو کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کے ملازمین کی تنخواہوں کے سلسلہ میں حکومت نے دیڑھ کروڑ روپئے جاری کئے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سید اکبر حسین نے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا پہلا اجلاس طلب کیا تھا جس میں کارپوریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بینکوں سے مربوط سبسیڈی فراہمی اسکیم کے علاوہ کارپوریشن سے ضرورت مند اقلیتی افراد کو چھوٹے قرض راست طور پر جاری کرنے کی تجویز رکھی ہے۔ کارپوریشن آئندہ مالیاتی سال سے اس سلسلہ میں اسکیم کے آغاز کا منصوبہ رکھتا ہے۔ صدرنشین نے کارپوریشن کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں مکمل سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک اسکیمات کے فوائد پہنچ پائیں۔