اقلیتی فینانس کارپوریشن سے صد فیصد سبسیڈی اسکیم پر جلد عمل آوری

50,000 روپئے کیلئے 1744 درخواستیں،7 کروڑ روپئے کی ضرورت،ایک لاکھ کیلئے 80 فیصد سبسیڈی
حیدرآباد ۔ 18۔ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں اسمبلی کی تحلیل اور انتخابات کی تیاریوں کے درمیان اقلیتی فینانس کارپوریشن نے غریب مسلمانوں کیلئے سبسیڈی اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابی تواریخ کے اعلان اور ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے باوجود حکومت کی جاریہ اسکیمات پر عمل آوری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر ایم اے وحید آئی ایف ایس نے بتایا کہ صد فیصد سبسیڈی سے متعلق تمام درخواستوں کی جلد یکسوئی کردی جائے گی جس کے تحت 1744 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان درخواستوں میں چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لئے 50,000 روپئے تک کی رقم کی درخواست کی گئی ہے ۔ تمام درخواستوں کی یکسوئی کی صورت میں 7 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست گزاروں نے امکانی کاروبار کی تفصیلات داخل کی ہیں اور رقم کی منظوری کے بعد کارپوریشن کے عہدیدار کم از کم ایک مرتبہ کاروبار کا معائنہ کریں گے۔ گزشتہ تین برسوں سے مذکورہ اسکیم پر عمل آوری نہیں کی گئی جس کے باعث درخواست گزاروں میں مایوسی دیکھی جارہی تھی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی میں صد فیصد سبسیڈی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کی نئی طئے شدہ اسکیم کے تحت ایک لاکھ روپئے تک کی درخواستوں کو 80 فیصد سبسیڈی فراہم کی جائے گی ۔ کارپوریشن کو 21,000 سے زائد ایسی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں ایک لاکھ روپئے کی سبسیڈی کا تخمینہ پیش کیا گیا۔ 21,000 درخواستوں کی یکسوئی کیلئے کارپوریشن کو 175 کروڑ روپئے درکار ہوں گے جبکہ حکومت نے پہلے سہ ماہی کے تحت صرف 36 کروڑ جاری کئے ہیں۔ کارپوریشن نے دستیاب بجٹ کے تحت درخواستوں کی یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے ان میں سب سے زیادہ غریب امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی ۔ 2015-16 ء میں سبسیڈی کیلئے ایک لاکھ 53 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں صرف 8300 کی یکسوئی کی گئی ۔ مینجنگ ڈائرکٹر نے بتایا کہ چھوٹے کاروبار کے آغاز کیلئے غریب امیدواروںکو جلد ہی سبسیڈی کی رقم جاری کرنے کیلئے حکومت سے اجازت طلب کی گئی ہے۔ اون یوور کار اسکیم کے تحت مزید 130 درخواستیں زیر التواء ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف بینکوں میں حاصل کردہ قرض کی عدم ادائیگی یا دیگر تکنیکی وجوہات کے سبب بینکوں میں 130 امیدواروں کو کلیئرنس نہیں دیا ہے۔ بینکوں سے کلیئرنس ملتے ہی امیدواروں کو 50,000 روپئے جمع کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسرے سہ ماہی کا بجٹ جلد جاری کیا جائے گا ۔ اسی دوران کارپوریشن کے صدرنشین سید اکبر حسین نے عہدیداروں کے ساتھ اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ درکار بجٹ کے مطابق موجودہ اسکیمات پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے غریب مسلمانوں کیلئے صد فیصد سبسیڈی کی اسکیم متعارف کی ہے تاکہ غریب اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں اور اپنے خاندان کی کفالت کریں۔