وقفہ سوالات میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا جواب
حیدرآباد۔24۔نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت اقلیتی طلبہ کیلئے اسکالرشپ اور فیس بازادائیگی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے۔ وقفہ سوالات میں ایک سوال کے تحریری جواب میں ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے اس اسکیم سے استفادہ کیلئے ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کے سرپرستوں کی آمدنی کی حد سالانہ دو لاکھ روپئے مقرر کی ہے جبکہ بی سی اور اقلیتی طلبہ کیلئے آمدنی کی حد ایک لاکھ روپئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے سلسلہ میں 2012-13 ء اور 2013-14 ء کے بقایہ جات کی ادائیگی باقی ہے جو کہ گزشتہ حکومت کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دو برسوں کے جملہ بقایہ جات 170 کروڑ 91 لاکھ 15 ہزار ہے جس میں فیس باز ادائیگی کے تحت 144 کروڑ 15 لاکھ 37 ہزار روپئے ہیں اور اسکالرشپ کے تحت 26 کروڑ 75 لاکھ روپئے ہیں۔ حکومت نے ان دونوں اسکیمات کیلئے 75 کروڑ روپئے جاری کردیئے جس میں فیس بازادائیگی کیلئے 7 کروڑ اور اسکالرشپ کیلئے 15 کروڑ شامل ہیں۔ مزید 95 کروڑ 91 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 برسوں میں سابقہ حکومت نے اسکالرشپ کے تحت 544 کروڑ روپئے منظور کئے تھے جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے ایک سال کیلئے 400 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔