اڈیشہ کی یونیورسٹی سے تعاون حاصل،12 مختلف ٹریڈس کا انتخاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اڈیشہ کی یونیورسٹی میں اقلیتی طلبہ کو اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کے سلسلہ میں منصوبہ کو قطعیت دی گئی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم اور اڈیشہ کی سنچورین یونیورسٹی آف ٹکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کے عہدیداروں کا آج اجلاس منعقد ہوا جس میں 12 مختلف ٹریڈس کو منظوری دی گئی جن میں 100 اقلیتی امیدواروں کو تربیت دی جائے گی۔ حکومت ہند کی وزارت اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت اس ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا اور وزارت کی جانب سے صنعت جاری کی جائے گی ۔ 8 ویں جماعت کامیاب امیدواروں سے لیکر بی ٹیک تک کے طلبہ کیلئے مختلف کورسیس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتہ درخواستوں کی طلبی کے سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ درخواستیں آن لائین طلب کی جائے گی اور یونیورسٹی کے اڈیشہ میں موجود دو کیمپس میں ٹریننگ کا اہتمام رہے گا ۔ سرکاری خرچ پر اس ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا جو 4 تا 6 ماہ پر مشتمل رہے گی۔ ہر ٹریڈ میں لڑکیوں کیلئے 20 فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ بی ٹیک سیول اور میکانیکل طلبہ کیلئے سافٹ ویر سے متعلق مختلف کورسس میں تربیت دی جائے گی جبکہ دیگر امیدواروں کیلئے جن شعبوں کا انتخاب کیا گیا ، ان میں ویلڈنگ ، آٹو موبائیل ڈیزائیننگ ،پیرا میڈیکل اسٹاف ، نرسنگ، بیوٹیشن ، فیشن ڈیزائیننگ ، کافی بریوری شامل ہیں۔ یہ تمام ایسے کورسس ہیں جن میں ٹریننگ کی تکمیل کے فوری بعد روزگار کے مواقع حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام امیدواروں کیلئے یونیورسٹی نے کیمپس سلیکشن کے اہتمام کا تیقن دیا ہے۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ اڈیشہ میں 100 امیدواروں کی ٹریننگ کے علاوہ وہ ریاست کے 6 اضلاع میں اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس قائم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 6 مراکز قائم کئے جائیں گے جبکہ بعد میں ہر ضلع میں توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اضلاع میں موجود اوقافی جائیدادوں کو اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس میں تبدیل کیا جائے گا ۔ اسکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے محبوب نگر میں جہانگیر پیراں آئی ٹی آئی اور حیدرآباد میں حج ہاؤز کا معائنہ کیا تاکہ سنٹر کے قیام کیلئے جگہ کا انتخاب کیا جاسکے۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے ٹریننگ سنٹرس میں تبدیل کرتے ہوئے اقلیتی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ان کا بنیادی مقصد ہے۔