اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے 162 کروڑ 58 لاکھ بجٹ کی اجرائی

اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل نے جی او جاری کردیا
حیدرآباد۔ 21 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے کمشنر اقلیتی بہبود کے تحت مختلف اداروں کی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلے میں 162 کروڑ 58 لاکھ 33 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ مالیاتی سال 2014-15ء عبوری بجٹ کے منصوبہ جاتی مصارف کے تحت یہ رقم جاری کی گئی۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج جی او آر ٹی 113 جاری کیا۔ جی او کے مطابق کمشنر اقلیتی بہبود کو مجاز گردانا گیا ہے کہ وہ یہ رقم حاصل کرتے ہوئے کمشنریٹ کے تحت اداروں اور ان کی اسکیمات کے لئے رقم جاری کریں۔ اس کے علاوہ ایک اور جی او کے تحت اقلیتی بہبود کمشنریٹ کے لئے 78 لاکھ 13 ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ یہ رقم عبوری بجٹ 2014-15ء کے غیرمنصوبہ جاتی مصارف کے تحت جاری کی گئی ہے۔ اپریل اور مئی کے دوران کمشنریٹ کے تحت اداروں کی اسکیمات کے لئے یہ رقم خرچ کی جائے گی۔