اقلیتی بہبود کو 771 کروڑ کی اجرائی، 60 فیصد رقم خرچ

کئی اہم ادارے بجٹ سے محروم، وقف بورڈ کو 20 کروڑ کی اجر ائی
حیدرآباد ۔ 26۔ستمبر (سیاست نیوز) جاریہ سال حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کو 771 کروڑ کا بجٹ جاری کیا ہے جس میں سے 60 فیصد سے زائد بجٹ خرچ کردیا گیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بتایا کہ بجٹ میں 2000 کروڑ مختص کئے گئے تھے اور اہم اسکیمات کیلئے پہلے سہ ماہی کا بجٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک ، اسکالرشپ ، فیس باز ادائیگی جیسی اسکیمات گرین چیانل کے تحت ہے، اس کے لئے علحدہ بجٹ کی اجرائی کی ضرورت نہیں ہے۔ چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے لئے اپریل میں پہلے سہ ماہی کے تحت 25 کروڑ روپئے جاری کئے گئے تھے ۔ دوسرے سہ ماہی کا بجٹ توقع ہے کہ آئندہ ماہ جاری کردیا جائے گا ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اردو اکیڈیمی ، میناریٹی اسٹڈی سرکل ، سی ای ڈی ایم اور بعض دیگر اداروں کا بجٹ ابھی تک جاری نہیں ہوا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے ۔ وقف بورڈ کو ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ اور مطلقہ خواتین کے وظائف کے سلسلہ میں 20 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے تحت تقریباً 350 خواتین کو عدالت کی جانب سے مقرر کردہ وظیفہ جاری کیا جاتا ہے ۔ یہ رقم راست طور پر اکاؤنٹ میں منتقل کی جاتی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ کل 27 ستمبر کو بعض خواتین میں وظائف کے چیکس تقسیم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کیلئے درخواستیں آن لائین داخل کی جاسکتی ہیں۔ اس طرح اسکیم پر عمل آوری میں وقف بورڈ کو سہولت ہوگی۔