اقلیتی بہبود پر ہریش راؤ کی توجہ

اسکیمات اور بجٹ کے سلسلہ میں محکمہ سے رپورٹ طلب
حیدرآباد ۔ 3 ۔اپریل (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اقلیتی بہبود پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود سے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کی ہے۔ ہریش راؤ نے سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور سے کہا کہ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے جو اسکیمات شروع کی ہیں ، ان پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اقلیتی بجٹ کے استعمال کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ ہریش راؤ کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل سکریٹری اقلیتی بہبود نے آج مختلف اقلیتی اداروں کے ذمہ داروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس ، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ اور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے شرکت کی۔ اجلاس میں اقلیتی فینانس کارپوریشن سے قرض کی اجرائی ، خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم ، ائمہ اور مؤذنین کے لئے ماہانہ اعزازیہ ، اردو گھر شادی خانوںکی تعمیر ، اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اور اقامتی اسکولوں میں اساتذہ کے تقررات سے متعلق تفصیلات حاصل کی گئیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے ہریش راؤ کو ہدایت دی کہ وہ وقتاً فوقتاً اقلیتی بہبود کی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ واضح رہے کہ اقلیتی بہبود کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے اور عام طور پر ڈپٹی چیف منسٹر اقلیتی بہبود کے امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔