حیدرآباد ۔ 17۔ اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے محکمہ اقلیتی بہبود میں عہدیداروں کی کمی کے باعث جناب ایم اے وحید ریٹائرڈ آئی ایف ایس کو 4 اہم اداروں کی ذمہ داری دے دی ہے۔ حکومت نے ایم اے وحید کی خدمات میں دو ماہ کی توسیع کرتے ہوئے کل احکامات جاری کئے تھے جبکہ آج انہیں چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ ، اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی اور تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے سکریٹری ڈائرکٹر کی اضافی ذمہ داری دے دی گئی ۔ وہ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے علاوہ ان تین اداروں کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ شاہنواز قاسم آئی پی ایس کی الیکشن ڈیوٹی پر روانگی کے بعد بی شفیع اللہ آئی ایف ایس کو وقف بورڈ کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن وہ کل نجی دورہ پر لندن روانہ ہوئے، لہذا وقف بورڈ کی ذمہ داری جناب ایم اے وحید کو دی گئی۔ حکومت نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری کی زائد ذمہ داری شریمتی کانتی ویسلی مینجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن کو دی ہے۔