محبوب نگر ۔ 28 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے 12% مسلم تحفظات کی فراہمی کے متعلق قائم کردہ کمیشن آف انکوائری کل یعنی 29 ستمبر بروز منگل محبوب نگر کا دورہ کریں گے ۔ چیرمین کمیشن جی سدھیر ریٹائرڈ آئی اے ایس کی صدارت میں دیگر عہدیداران و اراکین کمیشن اس دورے میں شامل رہیںگے ۔ صبح 11:15 بجے محکمہ تعلیم ، صحت اور ریونیو عہدیداروں کے ساتھ کمیشن کا خصوصی اجلاس ہوگا اور دوپہر 12:00 بجے محلہ موتی نگر میں واقع پبلک ہیلت سنٹر کا اور دوپہر ایک بجے گرلز ریسیڈنشیل اسکول برائے اناث کا دورہ کیا جائیگا ۔ بعد ظہرانہ سہ پہر 3 بجے تا شام 5 بجے تک ریونیو میٹنگ ہال ضلع کلکٹریٹ میں عوامی نمائندوں اور تنظیموں سے 12% تحفظات کے متعلق یادداشتیں وصول کی جائیں گی ۔ محمد جلیل احمد غوری ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نے مسلمانوں اور سماجی و سیاسی تنظیموں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ کمیشن آف انکوائری سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشتیں حوالہ کریں۔