حسن نگر میں نئے سنٹر کا افتتاح، رکن اسمبلی پرکاش گوڑ، سید اکبر اور ایم اے وحید کی شرکت
حیدرآباد۔20 اپریل (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن نے 10 عصری کمپیوٹر سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس میں اقلیتی امیدواروں کو کمپیوٹر کورسس میں مفت تربیت دی جائے گی۔ حیدرآباد میں حسن نگر کے مقام پر آج تیسرے کمپیوٹر سنٹر کا افتتاح عمل میں آیا۔ رکن اسمبلی راجندر نگر پرکاش گوڑ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس سے قبل عنبر پیٹ اور مادنا پیٹ میں کمپیوٹر سنٹرس قائم کیے گئے۔ ایم اے وحید نے بتایا کہ کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کی اردو اکیڈیمی سے کارپوریشن کو منتقلی کے بعد 38 کمپیوٹر سنٹرس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ انتہائی عصری سنٹرس ہوں گے۔ ہر سنٹر میں 10 کمپیوٹرس اور ایک علیحدہ کلاس روم ہوگا۔ فیلکٹیز کو ای سی آئی ایل میں ٹریننگ دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں کمپیوٹر سنٹرس کی تعداد 43 تھی۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریز کو عصری بنانے کا کام جاری ہے اور بہت جلد لائبریریز کو انٹرنیٹ اور دیگر سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔ دونوں اداروں کے تحت 126 ملازمین ہیں جن کی تنخواہیں مقررہ وقت پر ادا کی جارہی ہیں۔ ایم اے وحید نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک کمپیوٹر سنٹرس میں داخلہ کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں گی اور آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے سے ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ دو ماہ پر مشتمل کورس میں ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وجئے بینک سے 57 کروڑ روپئے کی بازیابی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ماہرین قانون سے مشاورت کی ہے۔ رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ کارپوریشن کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریبوں کو فائدہ ہو۔ صدرنشین سید اکبر حسین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے کارپوریشن کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے اور مائیکرو فینانسنگ اسکیم کا جلد آغاز کیا جائے جس کے تحت چھوٹے کاروبار کے لیے غریبوں کو قرض فراہم کیے جائیں گے۔