حکومت نے 73 کروڑ 88 لاکھ روپئے جاری کردئے
حیدرآباد۔/6مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں سے متعلق مختلف اسکیمات پر عمل آوری کیلئے مختلف اداروں کو 73کروڑ88لاکھ 3ہزار روپئے کا بجٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ کے سلسلہ میں ریاستی حکومت نے میچنگ گرانٹ کے طور پر 8کروڑ 66لاکھ 86 ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے احکامات جاری کردیئے۔ جاریہ مالیاتی سال کے منصوبہ جاتی مصارف کے تحت مختلف اقلیتی اداروں کی اسکیمات کیلئے 73 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ساتھ میں تمام اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے نشانوں کی جلد از جلد تکمیل کریں۔ مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ برائے سال 2013-14کیلئے ریاستی حکومت نے میچنگ گرانٹ کے طور پر 8کروڑ 66لاکھ روپئے جاری کئے۔ حکومت کی جانب سے میچنگ گرنٹ کی عدم اجرائی کے سبب ہزاروں کی تعداد میں طلبہ پری میٹرک اسکالر شپ سے محروم تھے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ اس اسکیم پر عمل آوری کی جاتی ہے۔ توقع ہیکہ بجٹ کی اجرائی کے ساتھ ہی اقلیتی اداروں کی اسکیمات پر عمل آوری میں تیزی پیدا ہوگی۔