اقلیتوں کے فنڈز کا بیجا استعمال : مختار نقوی

نئی دہلی 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ اقلیتوں کو با اختیار بنانے کی اسکیمات کیلئے مختص فنڈز کا بیجا استعمال کیا جا رہاہے جس کے نتیجہ میں اقلیتیں ہنوز پسماندہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی حصہ داری کی وجہ سے اقلیتی اسکیمات کیلئے فنڈز کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ حالانکہ اقلیتوں کی مختلف اسکیمات کیلئے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں لیکن ان میں ہنوز بیروزگاری عروج پر ہے اور تعلیم کے میدان میں وہ ہنوز پسماندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو با اختیار بنانے کا کام نہیں ہو رہا ہے ۔ وہ حکیم اجمل خان گلوبل ایوارڈز تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سطح پر کئی طرح کی کوششوں کے باوجود زمینی حقائق میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں حکومت کی جانب سے دو تا تین عہدیداروں کو برطرف کردیا گیا کیونکہ وہ فنڈز کے خرد برد میں ملوث تھے ۔ حکومت اس مسئلہ کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے ۔ مختار عباس نقوی نے حاضرین کو تیقن دیا کہ وہ حکیم اجمل خان کے نام سے کسی اسکیم کے آغاز کی کوشش کرینگے ۔