نئی دہلی ۔17فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) اقلیتی فرقوں کے بینک اکاؤنٹس کی تعداد اور انہیں دیئے جانے والے قرض میں گذشتہ 10سال کے دوران یو پی اے دور اقتدار میں کافی اضافہ ہوا ۔ وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج اقلیتوں کی مالی حالت میں بہتری کیلئے حکومت کے کارناموںکاتذکرہ کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی ۔ انہوں نے بتایا کہ عبوری بجٹ برائے 2014-15ء میں وزارت اقلیتی اُمور کیلئے 3,711کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔اس وزارت کیلئے 2013-14ء میں نظرثانی شدہ بجٹ 3,111کروڑ روپئے تھا جب کہ ابتدائی بجٹ کا تخمینہ 3,511کروڑ روپئے کیا گیا تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ 10سال قبل اقلیتوں کے ہندوستان کے 121اضلاع میں 14,15,000بینک اکاؤنٹس تھے ۔ مارچ 2013ء کے ختم تک ان اکاؤنٹس کی تعداد بڑھ کر 43,52,000ہوگئی۔ اس کے علاوہ اقلیتوں کو بینکوں کے ذریعہ دی جانے والی قرض کی رقم 4,000کروڑ روپئے سے بڑھ کر 66,500 کروڑ روپئے ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اقلیتی فرقوں کو ملک بھر میں ڈسمبر 2013ء کے ختم تک 2,11,451کروڑ روپئے کے قرض دیئے گئے ۔