اقلیتوں کیلئے روزگار سے مربوط تربیتی پروگرام

نئی دہلی ۔ 17 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے اقلیتوں کو فراہمی روزگار کے مقصد سے انہیں ہنرمند بنانے کا خصوصی پروگرام شروع کیا ہے ۔ لوک سبھا میں آج وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ مولانا آزاد نیشنل اکیڈیمی فار اسکلس کے تعاون سے مہارتوں کے فروغ کیلئے ایک تربیتی پروگرام مقرر ہے۔ مولانا آزاد کی ۱۲۵ ویں یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے وقفہ صفر کے دوران بتایا کہ اکیڈیمی کی جانب سے 5 یادداشت مفاہمت ( MOU) پر دستخط کئے گئے ہیں تاکہ مذکورہ پروگرام میں تربیت یافتہ امیدواروں کو صد فیصد روزگار فراہم کیا جاسکے ۔ ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے محترمہ نجمہ ہپت اللہ نے بتایا کہ مسلم برادری کو معاشی حالت کی بنیاد پر ا قلیت قرار دیا گیا ہے اور آبادی کے اعتبار سے انہیں اقلیت قرار دینے کیلئے کوئی دوسرا پیمانہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے سچر کمیٹی سے 76 سفارشات اور تجاویز پیش کئے ہیں جس میں حکومت نے 73 کو قبول کرلیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ امیتابھ کنڈے کی زیر قیادت کمیٹی نے سچر کمیٹی کی سفارشات پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے قطعی رپورٹ پیش کردی ہے ، جس پر غور و خوض کے بعد اس رپورٹ کو عملی جامہ پہنائے گی ۔