نئی دہلی 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکز نے مختلف شعبہ جات میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے نافذ کئے جانے والے ترقیاتی پروگراموں کیلئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال میں تاخیر کیلئے عملا ریاستی حکومتوں کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ 30 ستمبر تک جملہ 2427.44 کروڑ روپئے مختلف ریاستی حکومتوں کے پاس استعمال کے مختلف مراحل میں ہیں جو کئی شعبہ جات میں ترقیاتی پروگراموں کیلئے مختص کئے گئے تھے ۔ انہوں نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ عموما ان پروگرامس پر عمل کرنے والی ایجنسیوں کو فنڈز کی منتقلی اور ان پروگراموں پر عمل کرنے والی ایجنسیوں کے انتخاب میں تاخیر ریاستی حکومتوں کی جانب سے کی جاتی ہے ۔ وزیر موصوف نے یہ بھی واضح کیا کہ کچھ پراجیکٹس کیلئے اراضیات کی عدم دستیابی اور کچھ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کی جانب سے فنڈز کے استعمال کا سرٹیفیکٹ پیش کرنے میں تاخیر کی وجہ سے بھی فنڈز کا استعمال نہیں ہوپاتا ہے ۔