اقلیتوں کیلئے اسکالر شپس اسکیم کو بجٹ سے مربوط نہ کرنے کی سفارش

نئی دہلی ۔ /17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمانی پیانل نے اقلیتوں کیلئے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپس کو بجٹ کے بجائے طلب کی بنیاد پر قطعیت دینے کی وکالت کی کیونکہ یہ طلباء میں غیرمعمولی مقبول ہیں ۔ پارلیمانی اسٹائینڈنگ کمیٹی برائے سماجی انصاف و اختیارات نے وزارت اقلیتی امور کو یہ تجویز پیش کی ہے کہ فنڈ کے انتظام کیلئے وہ اس مسئلہ پر وزارت فینانس سے رجوع ہو ۔ پیانل نے یہ بات بھی نوٹ کی کہ طلباء سے موصول ہونے والی کئی درخواستوں پر اسکالر شپس منظور نہیں کی جاتی کیونکہ یہ بجٹ سے مربوط ہے ۔ پیانل نے کہا کہ اقلیتی طلباء میں یہ اسکیمات نہ صرف مقبول ہیں بلکہ اس کی طلب بھی بڑھ رہی ہے ۔ کیونکہ اس کا راست اثر ان کے مستقبل سے مربوط ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ اسکیم طلباء کو تعلیمی اور مالی طور پر بااختیار بناتی ہے ۔ کمیٹی نے یہ سفارش کی ہے کہ دونوں اسکیمات کو طلب کی بنیاد پر قطعیت دی جانی چاہئیے اور فنڈس / بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی درخواست مسترد نہیں ہونی چاہئیے ۔ کمیٹی نے 2011 ء کی سماجی و مذہبی مردم شماری کی اشاعت میں غیرمعمولی تاخیر پر بھی ناراضگی ظاہر کی ۔