بیجنگ ، 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدرپاکستان ممنون حسین اپنے تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے میں وہ اپنے چینی ہم منصب شی جِنگ پنگ کے علاوہ وزیراعظم لی کیچیانگ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ صدر پاکستان یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کر رہے ہیں، جب دونوں ممالک کی مشترکہ تعاون کمیٹیوں کی ایک ملاقات بھی ہو رہی ہے۔ صدر پاکستان ممنون حسین کا یہ دورہ روایتی اور علامتی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، تاہم پاکستان میں موجود توانائی کے بحران اور خراب معاشی حالت کے تناظر میں اس دورے کو اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ ممنون حسین یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کر رہے ہیں جب دونوں ممالک کی مشترکہ تجارتی کمیٹی برائے پاکستان چینی معاشی راہداری دوسری ملاقات بھی ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت ترقی اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال کر رہے ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد معاشی راہ داری کے حوالے سے طے کردہ معاہدوں کے اطلاق کے عمل کو حتمی شکل دینا ہے۔