غیرقانونی ذبیحہ پر یوپی میں تین افراد گرفتار‘ پرشانت بھوشن کے پروگرام کے دوران اے بی وی پی کارکنوں کا احتجاج
گورکھپور۔26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر یو پی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج بی جے پی کے تمام عہدیداروں اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنے کام کو گتہ کے کام نہیں سمجھیں ‘ اس کے بجائے مؤثر انداز میں اس کو انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدواروں اور عوامی نمائندوں کو جان لینا چاہیئے کہ اقتدار کے ساتھ ساتھ عظیم تر ذمہ داری بھی آتی ہے ۔ بی جے پی کے علاقائی دفتر پر تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد کئی اہم کاموں کی تکمیل باقی ہے ۔ ریاستی عوام نے ہم پر بھروسہ کیا ہے اور ہم پر یہ ذمہ داری عائد کی ہے کہ ان کی توقعات کی تکمیل کریں ۔ ہماری کارروائیاں شفاف ہونی چاہیئے ۔ آدتیہ ناتھ نے احساس ذمہ داری اور جوابدہی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ چیف منسٹر ہیں لیکن نہیں چاہتے کہ ان کے وزراء ریاست میں شاہی انداز کی حکومت چلائیں ۔ چیف منسٹر نے جو اب بھی مقامی رکن پارلیمنٹ ہیں ‘ پارٹی پر زور دیا کہ 2019ء کے پارلیمانی انتخابات کی تیاری کریں ‘ تاکہ معاشرہ کے مستحق افراد انتخابی فوائد سے استفادہ کرسکیں ۔ ان کی تقریر پر حاضرین نے پُرزور انداز میں تالیاں بجاکر ان کو داد دی ۔ مظفر نگر سے موصولہ اطلاع کے بموجب تین افراد کو 20کیلو سے زیادہ گوشت کے ساتھ گرفتار کیا گیا ۔ مبینہ طور پر ان افراد نے غیرقانونی طور پر اپنی قیام گاہ پر دیہات مادھوی ضلع شاملی میں ذبیحہ انجام دیا تھا ۔
ایک خبر ملنے پر پولیس نے کل شام ان کی قیامگاہ پر دھاوا کیا اور 26کیلو گوشت ضبط کیا جو سمجھا جاتا ہے بیف ہے ۔ بعدازاں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ یو پی انسداد ذبیحہ گاؤ قانون کے تحت ان تینوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے دریں اثناء مظفر نگر کے ایک مکان پر دھاوا کر کے سات بھینسوں کو ضبط کرلیا جنہیں مبینہ طور پر ذبح کرنے کے مقصد سے رکھا گیا تھا ۔ دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ علی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب قانون داں پرشانت بھوشن کو دو شخصی محافظین کے ساتھ مقامی کالج آڈیٹوریم سے پولیس نے ایک سمینار کے دوران باہر منتقل کیا ‘ جب کہ اکھل بھارتیہ وگیاپیٹھ ( اے بی وی پی ) کے کارکنوں نے مبینہ طور پر احاطہ میں زبردستی داخل ہوکر ان کے پروگرام میں خلل اندازی کی تھی ۔ یہ واقعہ کل پیش آیا تھا اور کارکنوں نے بھوشن کے دھرم سماج ڈگری کالج کے جلسہ میں تقریر کرنے کے خلاف احتجاج کیا تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ پرشانت بھوشن جھوٹے کرپشن الزامات مودی حکومت پر عائد کررہے ہیں ۔ اے بی وی پی بی جے پی کا طلبہ شعبہ ہے ۔ کارکنوں نے مبینہ طور پر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدر فیض الحسن کی سمینار میں شرکت پر اعتراض کیا تھا ۔ صورتحال کا اندازہ لگاتے ہوئے اس کے بے قابو ہونے سے پہلے فیض الحسن نے سمینار سے اُٹھ کر چلے جانے کا فیصلہ کیا ۔ منتظمین اور اے بی وی پی کارکنوں دونوں نے گاندھی پارک پولیس اسٹیشن پر شکایتیں درج کروائی ہیں ۔