نیپی ڈاو 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مائنمار کی جمہوریت حامی قائد آنگ سان سوچی جنھیں حالیہ انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے، نے آج ملک کے صدر کے ساتھ اقتدار کی پرامن منتقلی کے موضوع پر ’’گرم جوشانہ اور واضح‘‘ بات چیت کی۔ ایک وزیر نے یہ بات بتائی جبکہ سوچی کی کامیابی کو تقریباً ایک مہینہ مکمل ہونے والا ہے۔ نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) نے 8 نومبر کو منعقدہ انتخابات میں 80 فیصد نشستوں پر قبضہ کرلیا تھا جس سے یہ توقعات پیدا ہوگئی ہیں کہ ملک سے اب برسوں طویل فوجی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔ فوجی دستور کے مطابق سوچی کو ملک کا صدر نہیں بنایا جاسکتا لہذا انتخابی نتائج کے فوری بعد سوچی نے ملک کے صدر تھین سین اور فوجی سربراہ سے ’’قومی مصالحت‘‘ پر بات چیت کی اپیل کی تھی۔ دونوں نے سوچی کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی تھی اور وعدہ کیا تھا کہ اقتدار اپوزیشن پارٹی کو پرامن طریقہ سے منتقل کردیا جائے گا۔