تلنگانہ پرجالا پارٹی کے دفتر کا افتتاح ، سوامی اگنی ویش کا خطاب
حیدرآباد۔18ستمبر(سیاست نیوز) سماجی جہدکار بندھوا مزدور کے حقوق کی لڑائی کرنے والے سوامی اگنی ویش نے کہاکہ اقتدارسرمایہ داروں کے ہاتھوں کی کٹ پتلی بنا ہوا ہے۔جب تک اقتدار سماج کے پسماندہ طبقات کے ہاتھوں میںنہیںآتا تب تک انصاف کی جدوجہد جاری رکھنا پڑیگا او راس کام کی شروعات جسٹس چندرا کمار نے ریاست میں تلنگانہ پرجالا پارٹی کی شکل میںکی ہے۔ آج یہاں حیدرآباد میںٹی پی پی کی دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے سوامی اگنی ویش نے کہاکہ اگر ذرائع ابلاغ آ پ کاساتھ نہیںدیتا ہے تو آپ کھل کر سوشیل میڈیاکا استعمال کریں۔ انہو ںنے کہاکہ اس پارٹی کے پاس سرمایہ نہیںہے مگر ان کے پاس حوصلہ اور بہترین فکر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس پارٹی سے جڑ کر جسٹس چندرا کمار کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئے۔وزیراعظم نریند رمودی کے سونے کی دھاگوں پرمشتمل سوٹ کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے سوامی اگنی ویش نے کہاکہ ایسی ناانصافیوں کے لئے نوجوانوں کی بغاو ت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاتماگاندھی نے اپنی موت سے قبل یہ حوصلہ ہمیںدیا کہ ہمیںاچھے کام کے لئے موت کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اور حق بولتے ہوئے مہاتما گاندھی اس دنیا سے چلے گئے۔ ہمیں وہ مذہب کے علمبردار نہیںہیںجو پتھر کو دودھ پلاتا ہے مگر انسان بھوکا سوتا ہے۔ ہمارا دھرم انسانیت کی خدمت کرنا ہے بلاتفریق مذہب ذات پات انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے ہمیںکام کرنا ہے اورانجام کی فکر کئے بغیر اسی کے ساتھ ہم آگے بڑھتے جائیںگے ۔ جسٹس چندرا کمار نے کہاکہ ہمارا مقصد تلنگانہ میںسماجی انصاف کو نافذ کرنا او راس کام لئے ہم سیاسی میدان میںاترے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جو بھی سیاسی جماعت سماجی انصاف کے لئے بنائے گئے ہمارے اصولوں پر کاربند رہے گی ہم اس کا ساتھ دینے سے بھی گریز نہیںکریں گے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پارٹی نے فیصلہ لیاہے کہ تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقہ جات سے مقابلہ کریگی۔ انہوں نے کہاکہ بیس سے زائد امیدوار کے ناموں کو بھی قطعیت دی جاچکی ہے اور مستقبل میں مزید امیدواروں کے ناموں کو بھی اس میںشامل کیاجائے گا۔نائب صدر تلنگانہ پرجالا پارٹی ایم اے خان نے تمام مہمانوںکا استقبال کیا۔ شہہ نشین پر ٹی پی پی قائدین کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وسی پی ائی قومی عاملہ کے رکن جناب سیدعزیز پاشاہ بھی موجودتھے۔