مرکزی حکومت کو رپورٹ کی پیشکشی، اسکولوں کی تعمیر کیلئے وقف اراضی : شاہنواز قاسم
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی اقامتی اسکولوں، جونیئر کالجس اور ہاسٹلس میں انفراسٹرکچر کی فراہمی میں مرکزی اسکیم کے تحت 1078 کروڑ کی منظوری کے سلسلہ میں وزارت اقلیتی امور کو رپورٹ پیش کی ہے۔ نئی دہلی میں منعقدہ قومی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے رپورٹ حوالے کی۔ اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق پردھان منتری جن وکاس کاریکرم کے تحت تعلیم ، صحت اور اسکل ڈیولپمنٹ جیسے شعبہ جات میں اقلیتوں کیلئے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا جاتا ہے ۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے مرکز سے فنڈس حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 41 اقامتی اسکولس، 8 جونیئر کالجس اور 4 ہاسٹلس میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے سلسلہ میں مرکز کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے ۔ یہ وہ اسکول اور کالجس ہیں جو اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت کام کر رہے ہیں اور مرکز کی جانب سے نشاندہی کردہ اقلیتی آبادی والے 11 اضلاع میں قائم ہے۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ تعمیری سرگرمیوں کے لئے انفراسٹرکچر کی فراہمی اہم مسئلہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی تجویز پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ہے۔ مختلف ریاستوں کے سکریٹریز اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹرس نے اجلاس میں شرکت کی اور اپنی اپنی ضرورت کے مطابق تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اقامتی اسکولوں کی تعمیر کیلئے 120 کروڑ روپئے کی جو منظوری دی ہے ، وہ موجودہ اسکیم میں شامل نہیں۔ پردھان منتری جن وکاس کاریکرم اقلیتوں کی بھلائی کیلئے شروع کیا گیا ۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں اسکل ڈیولپمنٹ اور تیسرے مرحلہ میں ہیلت کے شعبوں میں مرکز سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ حکومت اقلیتی امیدواروں کیلئے روزگار پر مبنی مختلف کورسس میں ٹریننگ کا اہتمام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تعلیم کو ہنر کے ساتھ نہیں جوڑا جاتا ، اس وقت تک نوجوانوں کا تابناک مستقبل ممکن نہیں۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اسکل ڈیولپمنٹ کے سلسلہ میں رپورٹ تیار کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کی کارکردگی اور تلنگانہ میں وقف ٹریبونل کے قیام کی ستائش کی گئی ۔ وقف بورڈ کی کارکردگی کو ٹکنالوجی سے مربوط کرنے پر کانفرنس کے شرکاء نے مبارکباد پیش کی ۔ شاہنواز قاسم نے کہا کہ اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوںکی تعمیر کیلئے جہاں کہیں بھی سرکاری اراضی دستیاب نہ ہوں، وہاں وقف بورڈ کی اراضی الاٹ کی جائے گی ۔ اس سے نہ صرف وقف اراضی کا تحفظ ہوگا بلکہ وقف بورڈ کو کرایہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود اراضی کیلئے وقف بورڈ کا کرایہ دار بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس سرکاری اراضی کی نشاندہی میں مصروف ہیں۔