ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کا وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے آج ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات کیلئے جون سے شروع ہونے والے 250اقامتی اسکولس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی اور وزیر قبائیلی بہبود اجمیرا چندولال کے ساتھ منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں کئی اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ پرنسپال سکریٹری قبائیلی بہبود سومیش کمار، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اقلیتی اقامتی مدارس سوسائٹی کے سکریٹری شفیع اللہ نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کڈیم سری ہری نے اقامتی اسکولس کے قیام کی کارروائی میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقامتی اسکولس کے قیام میں سنجیدہ ہیں اور کسی بھی صورت میں آئندہ تعلیمی سال سے اسکولوں کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اسکول کی عمارتوں کیلئے موزوں مقامات کا تعین کریں تاکہ طلبہ کو بہتر عمارتیں اور تعلیمی ماحول فراہم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ عمارتوں کے انتخاب کی تکمیل کے بعد چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے جون سے شروع ہونے والے 71 اقامتی اسکولس کی پیشرفت سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 60اسکولوں کیلئے عمارتوں کے انتخاب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور باقی عمارتوں کا انتخاب بھی جلد مکمل ہوجائے گا۔ عمارتوں کے مالکین سے کرایہ کے تعین کے سلسلہ میں بات چیت جاری ہے اور ضلع کلکٹرس کو کرایہ کے تعین کی ذمہ داری دی گئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ عمارتوں میں تمام تر سہولتوں کو یقینی بنایا جائے گا اور لڑکیوں کے اسکولس کیلئے خصوصی انتظامات رہیں گے۔ درکار اسٹاف کے تقرر کے سلسلہ میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے جلد ہی اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے اور تعلیمی سال کے آغاز تک تقررات کو مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے 120 اقامتی اسکولس کے آغاز کا فیصلہ کیا تھا تاہم پہلے مرحلہ میں 71 کا آغاز کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور داخلوں کے سلسلہ میں اقلیتوں میں حوصلہ افزا ردعمل دیکھا گیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود اور اسکول سوسائٹی کی جانب سے رضاکارانہ تنظیموں اور ماہرین تعلیم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ اقلیتوں میں شعور بیداری اور طلبہ کے داخلوں کو یقینی بنایا جائے۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں اسکول سوسائٹی کے نائب صدر کی حیثیت سے اسکیم کی نگرانی کررہے ہیں۔