افغان پولیس ہیڈکوارٹرس پر حملہ، 26 پرسونل ہلاک

قندھار ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) افغان پولیس کے کم از کم 20 عہدیدار کابل کے قریب پولیس ہیڈکوارٹر پر طالبان کے حملہ میں ہلاک ہوگئے۔ اس طرح فوج کی شورش پسندوں کو کمزور کرنے کے مقصد سے شروع کی ہوئی جارحانہ فوجی کارروائی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے پولیس عہدیداروں کی جملہ تعداد 26 ہوگئی۔ اس حملہ میں طالبان بندوق برداروں اور خودکش حملہ آوروں نے پل عالم شہر میں واقع پولیس ہیڈکوارٹرس پر جو کابل کے جنوب میں واقع ہے، حملہ کیا۔ صوبائی پولیس سربراہ عبدالحکیم اسحاق زئی نے کہا کہ بعض مہلوک افراد کے علاوہ 9 پولیس ملازمین زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جبکہ پولیس اور فوج نے مشترکہ طور پر امریکہ زیرقیادت ناٹو افواج کے تخلیہ کے بعد افغان طالبان کے خلاف جارحانہ کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ کل شورش زدہ صوبہ ہلمند میں جو طالبان شورش پسندی کا مرکز ہے اور یہاں سے منشیات بھی اسمگل کی جاتی ہیں، فوجی کارروائی کا نشانہ بنا تھا۔

وزارت دفاع نے کہا کہ کل 76 شورش پسند فوجی کارروائی کے پہلے دن ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کارروائی میں قندھار کے پڑوسی 6 اضلاع اور صوبوں فراح اور اروزدان کے طالبان شورش پسندوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ مکمل طور پر افغانستان کا منصوبہ ہے اور کارروائی بھی افغان فوج کی زیرقیادت کی جارہی ہے۔ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ کامیابی حاصل نہ ہوجائے۔ جنرل عبدالخالق نے جو اس کارروائی کے کمانڈر ہیں، اس بات کی خبر دی۔ افغان طالبان کے ترجمان فوری طور پر ردعمل حاصل کرنے کیلئے دستیاب نہ ہوسکے۔ وزارت دفاع کے بموجب جارحانہ کارروائی کا خفیہ نام ’’ذوالفقار‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس کا منصوبہ سب سے پہلے وسیع پیمانے پر سلسلہ وار فوجی کارروائیوں کا تھا۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جبکہ جارحانہ فوجی کارروائی کی جارہی ہے۔

ماہرین اور افغان فوجی عہدیداروں کو طالبان کے تشدد میں اضافہ کا اندیشہ ہے جبکہ اپریل یا مئی میں موسم گرما جو روایتی موسم بہار کہلاتا ہے، شروع ہوگا۔ اسے جنگ کا موسم بھی قرار دیا جاتا ہے۔ بعض مبصرین نے انتباہ دیا ہیکہ غیرمعمولی گرمی جاریہ سال محسوس ہوسکتی ہے۔ عسکریت پسندوں نے امکان ہیکہ پہلے ہی سے اپنے پوشیدہ ٹھکانوں سے باہر نکل کر پاکستان کی سرحد سے متصل دورافتادہ ناقابل عبور پہاڑی سلسلوں میں روپوش ہونے کا منصوبہ بنایا ہے۔ افغان فوج کے خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہیکہ تاحال 26 ملازمین پولیس طالبان کے ہاتھوں ہلاک ہوچکے ہیں۔ جنوبی قندھارمیں کل رات کو بھی طالبان نے گھات لگا کر حملہ کرتے ہوئے 6 ملازمین پولیس کو ہلاک کردیا تھا۔ بعدازاں انہوں نے اس مقام پر روانگی سے قبل ایک بم نصب کردیا۔