افغان صوبہ پنج شیر میں خود کش حملہ، 13 ہلاک

کابل ، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے نسبتاً پرامن صوبہ پنج شیر میں طالبان عسکریت پسندوں کے ایک خود کش بم حملے میں مجموعی طور پر کم ازکم 13 افراد مارے گئے۔ جمعرات کی شام اس حملے میں دو حملہ آور بھی ہلاک ہو گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زائد بتائی گئی ہے۔ صوبائی گورنر عزیر الرحمان نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ اس طاقتور بم حملے میں بارود سے بھری ہوئی ایک گاڑی استعمال کی گئی۔ یہ حملہ جس جگہ ہوا، جہاں سے علاقہ پنج شیر شروع ہوتا ہے۔

افغانستان میں بم دھماکہ ، ایک شخص ہلاک، 18 افراد زخمی
کابل، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارہ کے مطابق افغان صوبائی حکومت کے ترجمان زار مادی زاویک نے بتایا کہ لغمان کے دارالحکومت محترلام میں بم دھماکہ ہوا، جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ 15 خواتین اور 3 بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہو گئے، جنھیں اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔
حکام نے دھماکے کی ذمہ داری طالبان پر عائد کی ہے۔