کابل ، 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں ہفتہ 5 اپریل کو صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں اور اس کیلئے امیدواروں کی انتخابی مہم کا وقت اب ختم ہوگیا ہے۔ خودمختار الیکشن کمیشن کی طرف سے 11 حتمی امیدواروں کو اس دوڑ میں شامل رہنے کی اجازت ملی تھی لیکن بعد میں تین امیدوار انتخابات سے دستبردار ہوگئے۔ گزشتہ سال 16 ستمبر سے 16 اکتوبر تک جمع کروائے گئے 27 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں سے 16 کو الیکشن کمیشن نے مسترد کر دیا تھا۔ موجودہ صدر حامد کرزئی دو مرتبہ صدارتی عہدہ پر فائز رہنے کے بعد اب آئینی طور پر اس منصب کیلئے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ حالیہ عوامی جائزوں سے جن امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے ان میں سابق وزیرخارجہ ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ، سابق وزیرخزانہ اشرف غنی اور سابق وزیر خارجہ زلمے رسول نمایاں ہیں۔