افغان صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، 60 فیصد رائے دہی

کابل۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ افغانستان میں صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ میں تقریباً 60 فیصد رائے دہی ہوئی۔ دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں 50 کے قریب افراد ہلاک ہوئے، 60 طالبان شدت پسند بھی مارے گئے۔ سربراہ الیکشن کمیشن کے مطابق افغانستان میں دوسرے مرحلہ کے صدارتی انتخاب میں ایک کروڑ 35 لاکھ اہل ووٹرس میں سے 70 لاکھ سے زائد ووٹرس نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ سکیوریٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود طالبان کی کارروائیوں میں پولیس و فوجی ملازمین اور شہریوں سمیت تقریباً 50 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سکیوریٹی ملازمین کی جوابی کارروائی میں 60 طالبان ہلاک ہوگئے۔ اپریل میں منعقدہ پہلے مرحلہ میں عبداللہ عبداللہ 45 فیصد ووٹ لے کر پہلے اور ان کے قریب ترین حریف اشرف غنی 31.6 فیصد ووٹ کے ساتھ دوسرے مقام پر تھے۔ صدارتی انتخاب کے ابتدائی نتیجہ کا اعلان 2 جولائی اور قطعی نتیجہ کا اعلان 22 جولائی کو کیا جائے گا۔ افغانستان کے صوبائی عہدیداروں کے بموجب 11 شہری بشمول انتخابات کے مبصر اُس وقت ہلاک ہوگئے جب کہ ان کی کار ایک لب سڑک نصب بم سے ٹکراگئی۔ صوبہ سمنگان کی حکومت کے ترجمان صادق عزیزی نے کہا کہ منی بس کل رات ایک ترقی یافتہ دھماکو آلہ سے ٹکرا گئی تھی جس میں 6 عورتیں، ایک بچہ اور 4 مرد ہلاک ہوگئے۔