کابل ۔ 27 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) افغان سکیورٹی فورسس نے آج طالبان کے ایک شدید حملہ کا زبردست دفاع کرتے ہوئے اُن کے دانت کھٹے کردیئے ۔ یہ جھڑپ ملک کے مشرقی علاقہ میں رونما ہوئی ۔ یاد رہے کہ قبل ازیں ہوئے گھمسان کے حملے میں عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسس کے 100 اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ جاریہ موسم گرما کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جہاں طالبان نے متعدد صوبوں میں اپنے قدم جمالئے ہیں جس کی وجوہات میں ناٹو افواج کی دستبرداری اور کابل میں افغانی حکومت کے متنازعہ انتخابی نتائج کے بعد حکومت کے کام کاج کا ٹھپ پڑجانا ہے ۔ افغان افواج ، پولیس اور کمانڈوس نے کلین اپ آپریشن شروع کیاہے ۔ صوبہ غزنی کے ڈپٹی گورنر محمد علی احمدی نے یہ بات بتائی ۔ دوسری طرف طالبان شورش پسندوں نے بھی شہریوں کے مکانات میں پناہ لے رکھی ہے ۔ جب جب کسی عام شہری نے طالبان کی اُس حرکت پر مزاحمت کی تو انھیں زدوکوب کرتے ہوئے خود اُن کے گھروں سے نکال باہر کیا گیااور طالبان شورش پسند وہاں رہ کر اپنی تخریبی کارروائیاں چلارہے ہیں ۔