افغان الیکشن: عبداللہ ۔ غنی مسابقت کی تصدیق

کابل ، 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے صدارتی چناؤ میں دوسرے راؤنڈ کی رائے دہی 14 جون کو سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ اور سابق ورلڈ بینک ماہر معاشیات اشرف غنی کے درمیان منعقد کی جائے گی، قطعی نتائج میں آج یہ بات ظاہر ہوئی۔ انڈیپنڈنٹ الیکشن کمیشن کے سربراہ احمد یوسف مرستانی نے کہا کہ جامع جائزے کے بعد یہ واضح ہوچلا ہے کہ کوئی بھی امیدوار زائد از 50 فیصد ووٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوپایا اور یہ الیکشن دوسرے راؤنڈ تک جارہا ہے۔ عبداللہ نے 5 اپریل کو منعقدہ رائے دہی میں 45 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے اصل حریف غنی کو 31.6 فیصد ووٹ ملے، قطعی نتائج میں یہ بات کہی گئی جبکہ یہ نتائج دھوکے کے الزامات پر ہفتوں تک مذاکرات کے بعد سامنے آئے ہیں۔ یہ نتائج بڑی حد تک وہی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں جو گزشتہ ماہ کے اواخر رائے شماری کی تکمیل کے بعد جاری کئے گئے تھے۔ ابتدائی طور پر دوسرے راؤنڈ کی مسابقت 28 مئی کو مقرر کی گئی تھی۔