کابل۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے افغانستان کے لئے انسانی بنیادوں پر 393 ملین ڈالرس امداد کی اپیل جاری کی ہے جو وہاں مختلف مسائل، مشکلات، بیماریوں اور نامساعد حالات کا شکار افراد کی فلاح کیلئے خرچ کی جائے گی۔ اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر افغانستان میں موجود کوآرڈینیٹر مارک بوڈین اور ملک کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے ٹیلیویژن کے راست نشریہ کے دوران اپیل جاری کی۔ افغانستان کے لئے 2016ء کا ہیومانیٹرین ریسپانس پلان کے ذریعہ لاکھوں افراد کا احاطہ کیا جائے گا جنہیں غذا، مکان اور صحت کے شعبوں میں امداد کی اشد ضرورت ہے۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ پینے کا صاف و شفاف پانی اور غذائیت سے بھرپور غذا کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام عطیہ کنندگان ممالک سے توقع ظاہر کی کہ وہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنے عطایات میں فراخدلی کا مظاہرہ کریں گے اور آئندہ 12 ماہ تک اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔