کابل ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں ’’نام نہاد اندرونی‘‘ حملوں میں ایک افغان عہدیدار کے مطابق مقامی پولیس فورس کے کم و بیش 9 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک دیگر پولیس اہلکار نے ایک چیک پوائنٹ پر فائرنگ کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ صوبہ بلخ میں رونما ہوا۔ دریں اثناء چار بولواک ڈسٹرکٹ کے ایک پولیس عہدیدار محمدالدین خنجر نے بتایا کہ اس واقعہ میں ایک پولیس اہلکار زخمی اور دیگر تین لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور خود بھی ایک دیگر چیک پوائنٹ سے تعلق رکھنے والا پولیس اہلکار تھا جو فوری طور پر مقام واردات سے فرار ہوگیا جس کے بارے میں قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ وہ طالبان سے جاملا ہے جبکہ حملہ آور نے چیک پوائنٹ پر موجود تمام ہتھیاروں کو بھی ضبط کرلیا۔ چاربولواک میں رونما ہوئے اس واقعہ پر طالبان نے اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم یہ کہنا بیجا نہ ہوگا کہ شورش پسند یہاں سرگرم ہیں اور اکثر و بیشتر سیکوریٹی فورسیس پر حملے کرتے رہتے ہیں۔