کابل ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان سے مایوس ایک سکھ افغانستان کے صوبہ جوزجان میں مشرف بہ اسلام ہوگیا اور اس کا نیا نام عبدالرحمن رکھا گیا۔ ذرائع ابلاغ کی خبروں کے بموجب طوطا سنگھ مشرف بہ اسلام ہوگیا ہے اور اس نے اپنا نام عبدالرحمن رکھ لیا ہے۔ یہ واقعہ افغانستان کے شمالی صوبہ جوزجان میں پیش آیا۔ افغان نیوز کی خبر کے بموجب وہ ہندوستان سے شبرگھان پہنچا تھا جو جوزجان صوبہ کا دارالحکومت ہے۔ وہ 2 سال سے اسلام قبول کرنے کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ کافی تحقیق کے بعد اس نے آخر کار اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے خبر رساں ادارہ سے کہا کہ وہ ہندوستان میں چند دن تک قید تھا جہاں اس نے پتہ لگایا کہ مورتیوں، مویشیوں اور درختوں کی پوجا معقولیت نہیں ہے۔ اس نے عہد کیا ہیکہ اپنے بھائیوں اور دیگر ارکان خاندان کو اسلام قبول کرنے کی ترغیب دے گا۔ اس کا خاندان گذشتہ 20 سال سے شبردھان میں مقیم ہے۔ عبدالرحیم اسلام یار ڈائرکٹر حج و مذہبی امور نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ طوطا سنگھ نے علمائے دین سے مشاورت کے بعد اپنا نام عبدالرحمن منتخب کیا ہے۔