کابل ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر افغانستان اشرف غنی نے سپریم کورٹ کے جج کے جلیل القدر عہدہ کیلئے ایک خاتون کو نامزد کیا ہے جس کی وجہ سے ملک کے بعض دقیانوسی اسلام پسندوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ افغان ویمن ججس اسوسی ایشن کی سربراہ انیسہ رسولی جو جوونیائل کورٹ کی سابق جج بھی رہ چکی ہیں، واحد خاتون جج ہیں جنہیں 9 رکنی بنچ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ اسلامی قدامت پسندوں کی جانب سے انیسہ رسولی کی نامزدگی کے خلاف جاریہ ماہ کے اوائل میں مخالفت کے بعد ان کے نام کا اعلان کرنے میں تاخیر ہوئی۔ صدر اشرف غنی نے سفارتکاروں اور خواتین کے حقوق ارکان کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انیسہ رسولی کے نام کا اعلان کرتے ہوئے فخر ہورہا ہیکہ افغانستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو سپریم کورٹ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔