جلال آباد ( افغانستان ) ۔ 4 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) طالبان کے چھ خودکش حملہ آوروں نے افغان ۔ ناٹو کے مشترکہ ٹھکانے پر حملہ کیا جو افغانستان کے مشرقی علاقہ میں واقع ہے جس میں ناٹو کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے دھماکو اشیاء سے بھری لاری پر خود کو دھماکہ سے اڑالیا جس سے وہ لاری بھی شعلہ پوش ہوگئی اور حملہ آور کے پرخچے اُڑ گئے ۔ یہ حملہ افغان ۔ ناٹو کے مشترکہ ٹھکانے کے باب الداخلہ کے قریب کیا گیا جو نان گھرہار صوبہ میں ہے ۔ ناٹو افواج نے البتہ دیگر پانچ حملہ آور پر گولیاں چلائیں جو اُن کے ٹھکانے پر ہلّہ بولنے کی تیاری کررہے تھے ۔ ناٹو کی انٹرنیشنل سکیورٹی اسسٹنس فورس نے خودکش حملہ کی توثیق کی تاہم تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ افغانستان سے رواں سال امریکہ کی زیرقیادت ناٹو فوج کی روانگی کے بعد اس جنگ زدہ ملک میں امن و سلامتی کے بارے میں سنگین خطرات بڑھ گئے ہیں۔