ترک کنسٹرکشن کمپنی کے ورکرز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، سرکاری عمارت پر طالبان کا علحدہ خودکش حملہ
کابل ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک موٹرسائیکل بم نے آج مشرقی افغانستان میں ایک منی بس کو جس میں ترک کنسٹرکشن کمپنی کے ورکرز سوار تھے، نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین ترک انجینئرز ہلاک ہوگئے، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ نیز طالبان خودکش بمباروں کے گروپ نے جنوبی صوبہ ہلمند میں گورنمنٹ کمپاؤنڈ پر حملہ کرتے ہوئے تین افغان شہریوں بشمول دو پولیس ملازمین اور ایک عام شہری کو ہلاک کردیا ہے۔ ان حملوں کا پس منظر یوں ہے کہ طالبان نے موسم بہار کے دوران اپنی جارحانہ مہم میں شدت پیدا کررکھی ہے جو مغرب کی تائید والی حکومت کو زوال پذیر کرنے کی سعی ہے جبکہ بیرونی لڑاکا دستے رواں سال کے ختم تک اس ملک سے دستبرداری کی تیاری میں ہیں۔
مشرقی ننگرہار صوبہ کے ضلع بہسود میں ترک ورکرز پر حملہ صبح کے اول وقت پیش آیا، احمد ضیاء عبد ل زئی، ترجمان برائے صوبائی گورنر نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا بتایا کہ اس دھماکے میں تین ترک انجینئرز ہلاک اور ایک چوتھا زخمی ہوا۔ یہ ترک انجینئرز بہسود میں کنسٹرکشن پروجکٹ پر کام کررہے تھے اور جس وقت بم دھماکہ ہوا تب اپنے کام پر جارہے تھے۔ اس حملے کیلئے کسی نے بھی فوری کوئی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ افغان وزارت داخلہ نے کہا کہ دھماکو مادہ موٹر سائیکل سے لپٹا گیا تھا، جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا جبکہ منی بس وہاں سے گزری۔ انقرہ میں ترک وزارت خارجہ نے ان اموات کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ ترک شہری ای این ٹی اے کنسٹرکشن کمپنی کے ملازمین تھے۔ ترک کنٹراکٹنگ کمپنیوں نے افغانستان میں سینکڑوں کنسٹرکشن پروجکٹس انجام دیئے ہیں اور کم از کم چار ترک روڈ انجینئرز 2004ء سے پیش آئے حملوںمیں ہلاک ہوئے ہیں، جن میں دوشنبہ کی اموات شامل نہیں ہیں۔