جلال آباد ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی افغانستان کے مخدوش علاقہ میں دولت اسلامیہ کے بندوق برداروں نے تحفظ اطفال کے دفتر پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں چار افراد ہلاک اور دیگر 14 زخمی ہوگئے۔ اس جنگ زدہ ملک میں کسی بیرونی امدادی گروپ پر یہ تازہ ترین حملہ ہے۔ جلال آباد میں برطانوی خیراتی ادارہ کے باہر کار کو دھماکے سے اڑانے کے بعد حملہ آور راکٹوں کے ذریعہ بم اندازی کرتے ہوئے کامپلکس میں گھس گئے۔ صوبہ ننگرھار کے گورنر کے دفتر کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے آج صبح کئے گئے حملہ کے بعد سیکوریٹی فورسیس بھی احاطہ میں گھس گئے اور تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد حملہ کوختم کردیا۔ سیکوریٹی کے ترجمان عطاء اللہ خوگیان نے کہا کہ ’’لڑائی ختم ہوچکی ہے۔ سیکوریٹی فورسیس اب عمارت کی صفائی کررہے ہیں۔ ہماری ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور فوجی وردیوں میں ملبوس تھے‘‘ لیکن سیکوریٹی ذرائع نے کہا کہ لڑائی ہنوز جاری ہے۔
اسرو کے نئے ڈائرکٹر نارائنن نے جائزہ حاصل کرلیا
تھرواننتاپورم ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرو کے سینئر سائنسداں ڈاکٹر وی نارائنن نے خلائی محکمہ اسرو کے ڈائرکٹر کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا جو ایس سومناتھ کے جانشین ہوں گے جنہیں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز کا ڈائرکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ نارائنن راکٹ کو خلاء میں روانہ کرنے کے ماہر ہیں۔