افغانستان میں بم دھماکوں کی زد میں آنے سے 8بچے ہلاک

کابل22ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے شمالی صوبہ فریاب میں ایک بم دھماکے کی زد میں آکر تقریباً 8 بچے ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ۔خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق صوبائی چیف پولیس کے ترجمان کریم یورش نے بتایا کہ واقعہ ضلع تگب میں پیش آیا جس میں 6 بچے بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے اسپتال کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2 زخمی بچوں کی حالت خطرے سے خالی نہیں ہے ۔اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ 5 سے 12 سال کی عمر کے بچے کھیل رہے تھے جب بم پھٹ گیا۔واقعہ سے متعلق تاحال کسی تنظیم یا ادارہ نے کوئی ذمہ داری قبول نہیں کی۔دوسری جانب ترجمان نے الزام لگایا کہ طالبان صوبے کے مختلف حصوں میں افغان سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے روڈ پر بم نصب کرتے ہیں۔واضح رہے کہ 11 ستمبر کو بھی ننگرہار میں مقامی پولیس کمانڈر کے خلاف احتجاج کے لیے جمع ہونے والے شہریوں کے ایک گروپ کے درمیان ہونے والے خود کش دھماکے سمیت دیگر حملوں میں 68 سے زائد افراد جاں بحق اور 130 زخمی ہوگئے تھے ۔اے ایف پی نے ننگرہار پولیس ہیڈکوارٹرز کے کیپٹن قیس سیفی کے حوالے سے کہا تھا کہ400 کے قریب شہری جمع تھے کہ ان کے درمیان ہی خودکش بمبار نے خود کو اڑا دیا”۔ننگرہار کے پولیس سربراہ جنرل غلام ثنائی استنکزئی کا کہنا تھا کہ ضلع اچین سے سیکڑوں افراد دارالحکومت جلال آباد اور پاکستان کے ساتھ متصل سرحد طورخم کے درمیان مرکزی شاہراہ کو معطل کرنے کے لیے ضلع موندارا آئے تھے ۔