افغانستان میں امریکی کمپنی کے 3 ملازمین گولی مارکر ہلاک کردیئے گئے

فائٹ ولے (امریکہ)۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ شمالی کیرولینا کی ایک کمپنی نے کہا کہ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں افغانستان میں تین افراد کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ پریسٹورین اسٹانڈرڈ کارپوریشن فائٹ ولے نے مقتول افراد کی بحیثیت والٹر ڈی فریزر ساکن شمالی مائرٹی (جنوبی کیرولینا)، جیسن ڈی لینڈفیر ساکن فائٹ ولے (شمالی کیرولینا) اور میتھیو ای فیہران ساکن سمر ولے (جنوبی کیرولینا) شناخت کی ہے۔ بیان میں جو کل جاری کیا گیا، کہا گیا ہے کہ ایک اور ملازم بریڈلے اے جیمس ساکن اٹلانٹا زخمی ہوگیا تھا، لیکن توقع ہے کہ زندہ بچ جائے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان افراد کے ارکان خاندان سے ملاقات ہوچکی ہے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع پنٹاگن کا کہنا ہے کہ محکمہ دفاع کے تین کنٹراکٹرس کابل ایرپورٹ پر ایک نامعلوم شخص کے ہاتھوں جو افغان وردی میں ملبوس تھا، ہلاک کردیئے گئے۔