واشنگٹن 22 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر براک اوباما نے حالیہ ہفتوں میں پنٹگان کو افغانستان میں طالبان لڑاکوںکو نشانہ بنانے کا اختیار دینے سے متعلق رہنما خطوط کو خاموشی سے منظوری دیدی ہے ۔ اس طرح انہوں نے افغانستان میں امریکہ کے رول کو وسعت دیدی ہے حالانکہ ابتداء میں اسے کم کرنے کا منصوبہ ظاہر کیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ صدر اوباما اس فیصلے کے نتیجہ میں امریکی فوج کو افغانستان کی سکیوریٹی افواج کی کارروائی کے دوران ضرورت پڑنے پر انہیں فضائی مدد فراہم کرنے کی گنجائش ہوگی ۔ اوباما نے حالیہ وقتوں میں یہ احکام جاری کئے ہیں۔ عہدیداروں نے کل رات یہ بات بتائی ۔ افغانستان میں امریکہ کا لڑائی مشن تکمیل کے قریب ہے اور امریکہ کے ہزاروں فوجیوں کو وطن واپس بلایا جانے والا ہے ۔ ایسے میں آئندہ دو سال کے دوران امریکی افواج ‘ افغانستان کی سکیوریٹی فورسیس کو تربیت فراہم کرینگی تاکہ ان میں دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا ہوسکے ۔