نئی دہلی 9 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر ششی تھرور نے 2001 کے پارلیمنٹ حملہ کیس میں افضل گرو کو پھانسی کو غلط قرار دیا ہے اور کہا کہ افضل گرو کو پھانسی دئے جانے سے قبل ارکان خاندان کو اس سے ملاقات کی اجازت دی جانی چاہئے تھی ۔ ان کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جبکہ دو دن قبل ہی جموں و کشمیر کے پانچ کانگریسی ارکان اسمبلی نے افضل گرو کو پھانسی دئے جانے کو غلطی قرار دیا تھا ۔ تھرور کے ریمارکس امکان ہے کہ کانگریس کیلئے الجھن کا باعث بنے گی حالانکہ پارٹی نے حقوق انسانی گروپس کی جانب سے تنقیدوں کے باوجود افضل گرو کو سزا دئے جانے کی مدافعت کی تھی ۔ حقوق انسانی گروپس نے افضل گرو کو بے قصور قرار دیا تھا ۔ ششی تھرور نے ٹوئیٹر پر ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی ۔