نئی دہلی۔ 22؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ افغانستان میں اغواء کے 8 ماہ بعد ہندوستانی عیسائی پادری فادر الکسیس پریم کمار کو محفوظ رہا کردیا گیا اور انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ انھیں جلد از جلد ان کے خاندان سے ملادیا جائے۔ 47 سالہ خانگی امدادی کارکن متوطن ٹامل ناڈو کی رہائی کا اعلان وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پر کیا اور خوشی ظاہر کی کہ انھیں بحفاظت رہا کردیا گیا ہے۔ مودی نے کہا کہ وہ ان سے بات کرچکے ہیں اور ان کے والد کو ان کی بحفاظت واپسی کی خوشخبری دے چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے ان کی رہائی کے لئے ہر ممکن کوشش کی تھی۔