اغواء اور عصمت ریزی معاملہ میں پانچ افراد کو سزائے قید

نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے پانچ افراد بشمول دو خواتین کو ایک نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی اور بعدازاں اُسے قحبہ گری پر مجبور کرنے کے جرم میں سات سال فی کس کی سزائے قید سنائی ہے۔ عدالت نے دہلی کے شہری اجئے، سنجے اور وکرم جیت کو عصمت ریزی کے جرم میں اور دو خواتین ریتو اور کملیش کو نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی کے لئے حالات سازگار کرنے اور معاونت کرنے کے الزام میں سزائے قید سنائی۔ ایڈیشنل سیشن جج رجنیش کمار گپتا نے تمام شواہد اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ تمام ملزمین کو اغواء کرنے، قحبہ گری کرنے پر مجبور کرنے اور نابالغ لڑکی کو سیکس ورکر کے طور پر خریدنے اور فروخت کرنے کے الزام میں سزائیں سنائی گئیں۔

عشرت جہاں مقدمہ : وزارت ِ داخلہ کے اقدام پر تنقید
نئی دہلی۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزارتِ داخلہ کی جانب سے عشرت جہاں کے فرضی انکاؤنٹر مقدمہ کی متعلقہ تحقیقات کی سی بی آئی دستاویزات طلب کرنے کے کام کو ’’غیرضروری‘‘ قرار دیا۔ پارٹی کے سینئر قائد ایم ویرپا موئیلی نے ایوان پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پورا اقدام قطعی غیرضروری ہے، کیونکہ اس سے تحقیقاتی محکمہ کی خودمختاری کا موقف متاثر ہوگا۔