اعلیٰ سطحی امریکی سفارتکار کا دورہ ہند و پاک

واشنگٹن ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکہ کی ایک اعلیٰ سطحی سفارت کار جاریہ ماہ کے اواخر میں ہندوستان اور پاکستان کا دورہ کریں گی جہاں موصوفہ جنوبی ایشیا کے ساتھ امریکہ کے تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گی کیوں کہ حالیہ دنوں میں ٹرمپ انتظامیہ نے اپنی افغانستان پالیسی پر نظر ثانی کی ہے ۔ جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کی عبوری وزیر خارجہ اور پاک و افغان کے لیے خصوصی عبوری نمائندہ ایلائس ویلز 30 جولائی سے 8 اگست تک نئی دہلی اور اسلام آباد کا اپنا پہلا دورہ کریں گی ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ موصوفہ اپنے دورہ کے دوران سرکاری عہدیداروں ، دانشوران اور بزنس ایگزیکٹیوز سے ملاقات کریں گی ۔ علاوہ ازیں سفارت خانہ کے اسٹاف سے ملاقات بھی ان کے پروگرام میں شامل ہے ۔