بریلی۔/6اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے سینئر وزیر محمد اعظم خاں کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا ہے کہ دادری واقعہ کو اقوام متحدہ سے رجوع کرنے اور عالمی سطح پر ملک کے وقار کو مسخ کرنے پر ان کے خلاف غداری کا کیس درج کیا جانا چاہیئے۔ ریاستی بی جے پی کے ترجمان چندرا موہن نے بتایا کہ چیف منسٹر اکھلیش یادو کو چاہیئے کہ اعظم خاں کو کابینہ سے برطرف کردیں اور ملک کی امیج کو نقصان پہنچانے پر ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ بی جے پی لیڈر نے یہ شکایت کی کہ اعظم خاں کواشتعال انگیز بیانات دینے کی آزادی دے دی گئی ہے جنہوں نے یہ کہا کہ ہندوستان کوہندو مملکت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے اقوام متحدہ کو مکتوب روانہ کیا ہے جوکہ ووٹ بینک سیاست کا حصہ ہے۔ ملک کی تقسیم کا ڈرامہ فی الفور ختم کردینا چاہیئے۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ مرکزی حکومت نے بیف کے خلاف پابندی عائد کیوں نہیں کی ہے۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ اس خصوص میں ریاستی حکومت کو تجویز پیش کرنی ہوگی۔