اضلاع کی تنظیم جدید سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں

کلکٹرس اور ارکان اسمبلی کے درمیان ٹکراؤ کی تحقیقات ڈرامہ بازی : وی ہنمنت راؤ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ اضلاع کی تنظیم جدید سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا مگر کلکٹرس اور ارکان اسمبلی کے درمیان ٹکراؤ پیدا ہوگیا ۔ تحقیقات کے نام پر ڈرامہ بازی کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر بابائے قوم گاندھی جی کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بتکماں ، بونال وغیرہ کے موقع پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے اخبارات کے صفحہ اول پر اشتہارات دئیے گئے ۔ مگر گاندھی جی کے یوم پیدائش کو نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کی تنظیم جدید کے ایک سال مکمل ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے استفسار کیا کہ 21 نئے اضلاع کی تشکیل سے عوام کو کیا فائدہ پہونچا ہے ۔ نئے اضلاع میں کلکٹرس اور دوسرے اسٹاف کو بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ نہیں ہے ۔ اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد کلکٹرس اور حکمران جماعت کے منتخب عوامی نمائندوں کے درمیان لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے ۔ دونوں ایک دوسرے کے خلاف کھلے عام بدعنوانیاں اور اراضیات پر قبضہ کرنے الزامات عائد کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ان واقعات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی رپورٹ طلب کیا ہے اور قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ جس پر انہیں اور عوام کو بھروسہ نہیں ہے کیوں کہ ماضی میں میاں پور اراضیات اسکام ، نعیم انکاونٹر ، منشیات اسکام ، ایمسیٹ پرچوں کے افشاں کے خلاف بھی ایس آئی ٹی تشکیل دیتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ وصول ہونے کے بعد سخت کارروائی کرنے کا وعدہ کیا تھا ان کی آج تک تحقیقات نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے ۔ بلکہ بدعنوان عہدیداروں کی حکومت حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے کئے گئے سروے میں حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی کا نازک موقف آشکار ہوا ہے ۔ چیف منسٹر ڈرامہ بازی کرتے ہوئے عوامی اعتماد سے محروم ہوجانے والے ارکان اسمبلی کو دھمکا رہے ہیں ۔ سکریٹری اے آئی سی سی نے اپوزیشن کو جمہوری انداز میں احتجاج کرنے کی اجازت نہ دینے والے پولیس ملازمین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین اپنا رویہ تبدیل کریں اور حدود میں رہ کر کام کریں بصورت دیگر آئندہ کانگریس پارٹی اقتدار حاصل کرنے کے بعد زیادتیاں کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف مناسب کارروائی کرے گی ۔۔