سدی پیٹ میں وزیر ہریش راو کی کار کی بھی تلاشی لی گئی
حیدرآباد۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پولیس رقومات کی غیرمجاز منتقلی پر کڑی نظر رکھتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لے رہی ہین ۔ کارگذار ریاستی وزیر آبپاشی تلنگانہ ہریش راؤ کی کار کو سدی پیٹ کے قریب روک کر مکمل تلاشی لی۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے پولیس سے تعاون کیا اور کہا کہ ہر گاڑی کی تنقیح کرنا پولیس کا فرض ہے۔ وزیر کی کار کی تلاشی پر پولیس نے بتایا کہ کوئی رقم برآمد نہیں ہوئی۔ تلاشی کی تکمیل کے بعد ہریش راؤ وہاں سے روانہ ہوگئے۔ کہا گیا کہ کریم نگر آر ٹی سی بس اسٹانڈ میں بعض گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لینے پر پولیس کو 12 لاکھ روپئے نقد برآمد ہوئے۔ اسی طرح شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر کی گئی تلاشی مہم کے دوران پولیس کو 10 لاکھ روپئے نقد برآمد ہوئے اور مہانکالی حدود میں تلاشی مہم پر ایک فرد سے پولیس کو 29 کیلو چاندی برآمد ہوئی۔ ضلع سوریاپیٹ کے چیک پوسٹ کے پاس تلاشی پر 2.90 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے۔ علاوہ ازیں کوداڑ میں تلاش کے دوران 9 لاکھ روپئے برآمد کرلئے گئے۔ ضلع منچریال میں تلاشی کے دوران 7 لاکھ روپئے ، گجویل میں 1.70 لاکھ روپئے، پی ڈی چیڈ چوراہا پر 3.90 لاکھ روپئے اور جگدیوپور میں پولیس نے 4.60 لاکھ روپئے ضبط کئے۔ علاوہ ازیں صدر ٹی آر ایس و نگران کار چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے نعروں پر مشتمل پمفلٹس ایک کار سے منتقلی کے دوران اینادول منڈل کے پاس فلائنگ اسکواڈ نے تلاشی کے دوران ضبط کئے۔
حالت نشہ میںڈرائیونگ ‘ 449 افراد جیل بھیج دئے گئے
حیدرآباد ۔ یکم نومبر ( این ایس ایس ) سٹی ٹریفک پولیس نے ماہ اکٹوبر کے دوران حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے والے 1,426 افراد کے خلاف کارروائی کی اور انہیں تیسرے و چوتھے میٹرو پولیٹن مجسٹریٹس کی عدالتوں میں پیش کیا گیا ۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹس نے ان میں 449 افراد کو جیل بھیج دیا اس کے علاوہ 79 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس یا تو مستقل منسوخ کردئے گئے یا پھر معطل کردئے گئے ۔ عدالتوں کی جانب سے 977 افراد پر جرمانے عائد کئے گئے جن کے ذریعہ 31,37,700 روپئے وصول کئے گئے ۔